ماہ رمضان کے قضاء روزے کوزوال کے بعدتوڑنے کاکفارہ
ماہ رمضان کے قضاء روزے کوزوال کے بعدتوڑنے کاکفارہ:
دس مسکینوں کو کھاناکھلانا ،اور ہر مسکین کو ایک مد کی مقدار کھانا دیاجائے،اگر اس پر قدرت نہ رکھتا ہو تو تین دن روزے رکھے۔
نذر معین کے روزہ کوتوڑنے کاکفارہ:
قسم کا کفارہ ہے۔
قسم کاکفارہ:
غلام آزاد کرنا،یا دس مسکینوں کو ایک ایک مد کھاناکھلانا ،یا دس مسکینوں کو لباس پہنانا،اس سے عاجز ہو تو تین دن روزے رکھنا ۔
مُد کے بدلے میں ایک وقت کاپیٹ بھر کھانا کھایا جاسکتاہے۔
مسئلہ325:موجب کفارہ کے تکرارسے کفارہ متکرر ہوجاتاہے،دودن میں تکرار کیاجائے نہ کہ ایک دن کاتکرار مگر احتیاط مستحب کی بناء پر جماع اور استمناء میں ،ان دونوں کے تکرارسے کفارہ کا تکرارہوگا۔
(استمناء: یعنی ایساکام کرناجس سے منی خارج ہوجائے)اور جوشخص تینوں کفاروں کو اداکرنے سے عاجز ہو اس کے لیے احتیاط واجب ہےکہ پشیمانی کی حالت میں استغفار کرئے اور پختہ عزم وارادہ کرئے کہ آیندہ روزے کو نہیں توڑے گااور حسب طاقت صدقہ دے اور جب کفارہ دینے کی حیثیت ہوجائے تو احوط ہےکہ کفارہ بھی اداکرئے،مگر یہاں احتیاط کے واجب ہونے میں اشکال ہے۔
مسئلہ326:اگر حرام شےکے ذریعہ روزہ توڑے مانند شراب ،سور کا گوشت ، زنا،حرام استمناء(مشت زنی) تو بناء بر احتیاط کے ،گزشتہ بیان کردہ تینوں کفارے اکٹھے دے۔
مسئلہ327:جب جان بوجھ کر روزہ توڑدے اور پھر زوال سے قبل سفر اختیار کرئے خواہ روزہ توڑتے وقت سفر کاارادہ رکھتاتھایا روزہ توڑتے وقت سفر کاارادہ نہیں رکھتاتھا ،اُس پر کفارہ واجب ہوگا۔
مسئلہ328:کھلانے والے کفارہ کامصرف فقراء ہیں ،یا اُنہیں بلاکر پیٹ بھر کے کھانا کھلایاجائے یا اُنہیں کھانادےدیاجائے جو اُن کے ایک وقت کےلیےکافی ہو رہے یااُس کی قیمت اُنہیں دے دی جائے،اوراُن سے شرط اور قید لگائے کہ ان پیسوں کو کھانے ہی میں استعمال کیاجائے۔
مستحق کفارہ پر واجب نہیں ہے کہ وہ کھانا کھائے بلکہ وہ اسے فروخت کرکے اس سے حاصل شدہ پیسوں کو اپنی شخصی ضروریات میں استعمال کرسکتاہے۔
مسئلہ329:ہاشمی اور غیر ہاشمی ،ہاشمی اور غیرہاشمی کوکفارہ اور فدیہ دےسکتے ہیں۔
مسئلہ330:اگر کئی شخص میسر ہوں تو ایک ہی شخص کو دومرتبہ یازیادہ مرتبہ کھاناکھلانامجزی نہیں ہے یاایک ہی شخص کو دومُد یازیادہ دینامجزی نہیں ہے ،بلکہ ساٹھ لوگوں کوہی دینااور کھلانا ضروری ہے مگر جب ساٹھ مسکین تلاش کرنے مشکل ہو تو تکرار جائز ہے(یعنی اس صورت میں ایک ہی شخص کودویااس سے زیادہ مقدار دی جاسکتی ہے)۔
مسئلہ331:شریعت کی روسے فقیر وہ ہے جواپنااور اپنے عیال کا سال بھر کا خرچہ نہ رکھتا ہو ،نہ قوۃ ً اور نہ ہی فعلاً ،خواہ اس کے عیال واجب النفقہ ہوں یا واجب النفقہ نہ ہوں ،اس حیثیت سے کہ اس کےلیے اُنہیں چھوڑدینا یا دوسروں کی طرف دھکیل دینامناسب نہ ہو۔